عدالت کا غیر قانونی پارکنگ، کمرشلائزیشن کی روک تھام کا میکنزم بنانے کا حکم
12-22-2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نےایل ڈی اے کو غیر قانونی پارکنگ اور کمرشلائزیشن کی روک تھام کا میکنزم بنانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سرکاری اور نجی عمارتوں میں پارکنگ ایریا نہ رکھنے کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس عاصم حفیظ نے سید معظم علی شاہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سرکاری اور نجی عمارتوں میں پارکنگ لازمی بنانے سے متعلق قوانین موجود ہیں مگر شہر کی نجی اورسرکاری عمارتوں میں پارکنگ ایریاز موجود نہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی پارکنگ سے ٹریفک کانظام تباہ اور سموگ پیدا ہوتی ہے،منظورشدہ عمارتوں کو دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے بھی ماحولیاتی مسائل پیدا ہورہے ہیں،عدالت پارکنگ نہ رکھنے والے پلازوں کو سربمہر کرنے کے احکامات صادر کرے۔ دوران سماعت ایل ڈی اے کے وکیل صاحبزادہ مظفر نے دلائل دئیے کہ صرف جیل روڈ پر غیر قانونی پارکنگ اور کمرشلائزیشن پر 55 نوٹسز کیے گئے،مین بلیوارڈ گلبرگ میں 16 پراپرٹیز کو نوٹس جاری کیے، غیر قانونی پارکنگ ایریاز کے خاتمے کےلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ جسٹس عاصم حفیظ نے ریمارکس دئیے کہ ایل ڈی اے غیر قانونی پارکنگ اور کمرشلائزیشن پر بھاری جرمانے عائد کرے،اگر عمل درآمد میں ایل ڈی اے کو کوئی دباؤ آتا ہے تو عدالت کو آگاہ کرے،کوئی بھی اتھارٹی سے بڑا نہیں ہوتا، اگر کوئی ایسا سمجھتا ہے تو عدالت اپنا اختیار استعمال کرے گی۔