نگران حکومت کا شہر میں مزید 4 میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا منصوبہ

12-22-2023

(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں مزید چار میگا پراجیکٹس کا منصوبہ بنا لیا، عام انتخابات کی تیاری کے ساتھ ساتھ میگا پراجیکٹس پر بھی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریوں  کا  سلسلہ جاری ہے تو وہیں پنجاب کی نگران  حکومت نے ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کے لیے میگا پراجیکٹس پر بھی  توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ نگران پنجاب حکومت کی ہدایت پر شہر میں مزید چار منصوبے شروع کیے جائیں گے، ایل ڈی اے اور سی بی ڈی پنجاب کو چار میگا پراجیکٹس کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی، ایل ڈی اے کو تین جبکہ سی بی ڈی پنجاب کو ایک منصوبہ ملے گا۔ حکومت کی جانب سے  گڑھی شاہو پر ٹریفک جنکشن کی بحالی  کا منصوبہ شروع کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، کریم بلاک ٹریفک سگنل پر انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، شمالی لاہور میں واقع داتا نگر فلائی اوور کو ازسر نو تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ  برکت مارکیٹ کے مقام پربھی  انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ بنا لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیسپاک نے چار منصوبوں  کا ڈیزائن تیار کر لیا ہے، آئندہ ایک  ماہ میں منصوبوں پر کام کا  آغاز ہوگا۔ دوسری جانب شہر کے مستقبل کے منصوبہ جات بھی نگران پنجاب حکومت کی پلاننگ میں شامل ہیں، آنے والی حکومت کے لیے پی سی ون اور ڈیزائن تیار کیے جائیں گے۔ مستقبل میں میٹرو لائنز کی توسیع کے لئے پی سی ون کی تیاری  کا آغاز کر دیاگیا، سابق شہباز حکومت کے ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے  کا ریوائزڈ پی سی ون بھی تیار ہوگا،  شہر میں میٹرو لائنز  کا جال بچھانے کے لیے دو نئی لائنز   کا پی سی ون بنایا جائے گا، بلیو لائن اور پرپل لائن کے روٹ اور تخمینہ لاگت کو حتمی شکل دی جائے گی۔