وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور کا افتتاح کردیا

12-22-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  اہل لاہور کو ایک اور مبارکباد، کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور آج ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے، کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورکوبروقت مکمل کرنے کے لئے این ایل سی اور نیسپاک نے دن رات کام کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی وزراء،سیکرٹریزکی ٹیمیں پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کے لئے دن میں دو، دو بار وزٹ کرتی تھیں، سی بی ڈی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورپراجیکٹ پر بہت محنت کی ہے،  فلائی اوور پراجیکٹ کی کامیابی میں سب نے اپنا کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاک آرمی کی اراضی تھی،پراسیس طویل تھا لیکن فلائی اوورکو مکمل کرنے کے لئے ہفتوں کا کام دنوں میں کیا، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کور کمانڈرلاہور نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورکی تکمیل میں ہر موقع پر بھرپور سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیروز پور روڈ،گلبرگ،کینٹ،ڈیفنس والٹن سے ملحقہ آبادیوں کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورسے بہت فائدہ ہو گا،فلائی اوورکی تکمیل سے برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن سے والٹن تک سگنل فری کوریڈور بن گیا ہے،پراجیکٹ کی تکمیل سے ڈیفنس فیز6سے لبرٹی تک کا سفر15منٹ میں طے ہو گا جبکہ والٹن روڈپر 5منٹ میں پہنچ سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورتین لائن پر مشتمل ہے اور اس کی لمبائی 720میٹر ہے، والٹن روڈ پراجیکٹ کو 31جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا، والٹن روڈ مکمل ہونے سے عوام کو بہت ریلیف ملے گا، والٹن روڈ پر چار چارفٹ پانی رہتا تھاجس سے مسائل جنم لیتے تھے،والٹن روڈ کا ڈرینج سسٹم 9ارب روپے سے بنایا جارہا ہے،جس سے ملحقہ آبادیوں کو فائدہ حاصل ہو گا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ سی بی ڈی اور پنجاب حکومت کی ٹیم نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورپربہت محنت کی اور وقت سے قبل مکمل کیا،جس پر میں سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،سی بی ڈی میں ڈپلومیٹک انکلیو بن رہا ہے،جس سے علاقہ مزید ترقی کرے گا۔