مہنگی بجلی کے ساتھ اوور بلنگ نے صارفین کو کنگال کردیا
12-22-2023
(لاہور نیوز) مہنگی بجلی کے ساتھ اوور بلنگ نے صارفین کو کنگال کردیا، لیسکو افسر عملے سے مل کر اوور بلنگ کے ذریعے صارفین کی جیبیں صاف کرنے لگے۔
لیسکو افسر اور عملہ صارفین کو نت نئے طریقوں سے لوٹنے لگا، لیسکو کے زیادہ تر سب ڈویژنز میں ایڈوانس بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں ماہ تمام بیجز کی میٹر ریڈنگ شیڈول سے ہٹ کر کی گئی،میٹر ریڈنگ جان بوجھ کر لیٹ لی جارہی ہے۔ میٹر ریڈنگ کےلئے 8 نمبر بیج کو 5 روز تاخیر سے پڑھا گیا جسے شیڈول کے مطابق 15 دسمبر کو پڑھا جانا تھا،بیج نمبر 9 کے میٹرز کی ریڈنگ تاحال شروع نہیں ہوسکی،لیسکو نے اوور بلنگ چھپانے کے لیے بجلی بلوں پر ریڈنگ کی تاریخ غائب کردی جبکہ سیکرٹری پاور راشد محمود لنگڑیال بھی اوور بلنگ پر خاموش ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ہر ماہ 8سے10روز تاخیر سے ریڈنگ لی جارہی ہے، شکایت کریں تو کنکشنز منقطع کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔