یوٹیلٹی سٹورز میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مارکیٹ سے بھی زیادہ مہنگی

12-22-2023

(ویب ڈیسک) سستے یوٹیلٹی سٹورز عوام کے لیے مہنگے سٹور بن گئے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام مارکیٹ سے بھی زیادہ مہنگی ملنے لگیں، سستی اشیا سٹوروں سے غائب ہیں ، صارفین پریشان ہوگئے ۔

غریب عوام کو ریلیف کے دعوے زبانی جمع خرچ تک محدود ہو گئے ہیں، یوٹیلٹی سٹور پربھِی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام مارکیٹوں کے برابر ہیں جبکہ گھی، آٹا، چینی اور دالوں سمیت دیگر سستی اشیا سٹوروں سے غائب ہوگئی ہیں، لوگ سستے آٹے ، گھی اور چینی کیلئے باربار چکر لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔  آٹے کا دس کلو والا تھیلا عام مارکیٹ میں  1400،یوٹیلٹی سٹور پر1420روپے کے ریٹ میں مل رہا ہے، سرخ مرچ عام مارکیٹ سے 180 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی ہے ، کوکنگ آئل دس روپے ،دال مسور 25 اور دال چنا 28 روپے فی کلو مہنگی ہے، 140روپے فی کلو والی چینی یوٹیلٹی سٹور پر160روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹور نام کے سستے ہیں،جو اشیا سستی ہیں وہ دستیاب ہی نہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر عام صارفین کے لیے ختم کیا گیا ریلیف پیکج دوبارہ بحال کیا جائے اور اشیا کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔