ذوالفقار قادر کو شکست دیکر علی حمزہ نے سندھ سنوکر کپ کا ٹائٹل جیت لیا
12-22-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان نمبر 3 ذوالفقار قادر کو شکست دے کر کیوسٹ علی حمزہ نے سندھ سنوکر کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کراچی میں گزری کے سنوکر کلب میں ہونے والے سندھ سنوکر کپ کے آخری مقابلے میں پاکستان نمبر 3 ذوالفقار قادر اور کیوسٹ علی حمزہ کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، علی حمزہ، ذوالفقار قادر کو 4 کے مقابلے میں 5 فریم سے شکست دینے میں کامیاب رہے۔ بیسٹ آف 9 فریم پر مشتمل فیصلہ کن معرکے میں علی حمزہ نے ذوالفقار قادر کیخلاف مجموعی طور پر عمدہ کھیل پیش کیا، ایک موقع پر علی حمزہ چار دو کے خسارے میں بھی تھے، ٹائٹل جیتنے کے بعد علی حمزہ نے قومی سنوکر چیمپئن شپ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ ٹورنامنٹ جیتنے پر علی حمزہ کو 60 ہزار روپے اور رنرز اپ ذوالفقار قادر کو 30 ہزار روپے انعام دیا گیا، پی بی ایس اے کے سابق صدر منور حسین شیخ نے انعامات تقسیم کیے۔