غزہ کے ساتھ مذہبی یا سیاسی نہیں ،انسانی بنیادوں پراظہاریکجہتی کی: عثمان خواجہ

12-22-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی کے چارج پر عثمان خواجہ کا اہم رد عمل سامنے آیا ہے،اپنے بیان میں آسڑیلوی کرکٹر نے کہا کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے،جوتوں کے اوپر غزہ کے بارے میں جو لکھا وہ میرے جذبات کی ترجمانی تھی۔

آسڑیلوی کرکٹر عثمان خواجہ نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے بیان میں کہا کہ غزہ کے ساتھ مذہبی یا سیاسی نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پراظہار یکجہتی کی، میرا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں بلکہ اس میں انسانی حقوق کی بات ہے۔ کرکٹر نے مزید کہا کہ آئی سی سی کے چارج کے اوپر کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت کی ہے، ماضی میں کھلاڑیوں نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر بازو پر پٹیاں باندھیں، بلے پر سٹیکر لگائے تب کوئی ایکشن نہیں ہوا،جیسے باقیوں کے ساتھ برتاؤ ہے ویسے ہی میرے ساتھ بھی ہونا چاہیے۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نےمیرا ہر محاذ پر ساتھ دیا ہے،میں آئی سی سی کے ہرقانون کی پاسداری اور احترام کرتا ہوں،میں بازو پر آرم بینڈ اب دوبارہ نہیں پہنوں گا،مجھے صرف معصوم مرتے بچوں کی ویڈیوز نے جھنجھوڑا، میں جب معصوم بچوں کو مرتے دیکھتا ہوں تو مجھے اپنی بیٹی نظر آتی ہے۔