آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

12-21-2023

(لاہور نیوز) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپٹما کے مطابق بجلی کا شعبہ بد ترین صورتحال سے گزر رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں، اکتوبر میں ٹیکسٹائل ملز کی بجلی کھپت 37 فیصد کم ہوئی ہے۔ لیسکو میں دسمبر کے دوران بجلی کے صنعتی استعمال میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے، بجلی کی قیمت کسی کے لیے بھی قابل برداشت نہیں رہی، برآمدی شعبوں کے لیے بجلی کے نرخ بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ اپٹما کے مطابق برآمدی شعبوں کے لیے بجلی کا ٹیرف فی یونٹ 54 روپے سے بڑھ گیا ہے، حکومت ملکی معیشت کو تباہی سے بچانے کے اقدامات کرے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کیے جائیں۔