اداکارہ نوشین شاہ کو سوشل میڈیا پر شادی نہ کرنے کے طعنے ملنے لگے

12-21-2023

(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ نوشین شاہ کو سوشل میڈیا پر ایک صارف نے شادی نہ کرنے کا طعنہ دے ڈالا۔

رواں سال 2023 کے “برائیڈل کیٹیور وِیک” کا میلہ لاہور میں سج تھا جس میں پاکستان کی نامور شخصیات، ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا اسٹارز نے معروف فیشن ڈیزائنرز کے دلکش ملبوسات پہن کر ریمپ پر اپنے حُسن کے جلوے بکھیرے ۔ اس فیشن ویک میں اداکارہ نوشین شاہ نے معروف فیشن ڈیزائنر علی ذیشان کے عروسی لباس میں واک کرکے فیشن ویک کو چار چاند لگا دیئے تھے۔نوشین شاہ کی عروسی لباس میں واک کو جہاں اُن کے مداحوں اور ساتھی اداکاروں نے سراہا تو وہیں اداکارہ کو بڑھتی عُمر کے باوجود شادی نہ کرنے کا طعنہ بھی مل گیا۔ سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک صارف نے نوشین شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان اداکاراؤں پر ترس آتا ہے، یہ بڑھتی عُمر کے باوجود بھی شادی نہیں کرتیں اورعروسی ملبوسات کو پہن کر صرف اُن کی نمائش ہی کرتی رہتی ہیں۔ صارف کی تنقید اور طعنے کا جواب دیتے ہوئے نوشین شاہ نے غصے میں کہا کہ جب ہم ایک دوسرے کو نہیں جانتے تو براہ کرم! آپ ہم پر ترس نہ کھائیں اور نہ ہی ہمارے لیے افسوس کریں۔ نوشین شاہ نے مزید کہا کہ “کسی بھی انسان کی شادی ہونا یا نہ ہونا صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، اُسی نے ہمیں جوڑوں میں پیدا کیا ہے”۔