ہمارا بیانیہ واضح، کوئی ادارہ آئین و قانون سے ماورا حرکت نہ کرے: جاوید لطیف
12-21-2023
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے ہمارا بیانیہ بڑا واضح ہے کہ کوئی ادارہ آئین و قانون سے ماورا حرکت نہ کرے۔
ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہاں کا ٹرمپ آج جیل میں ہے، بانی پی ٹی آئی نے جمہوریت پر حملہ کیا، عدالتوں نے نوٹس لیا ہوتا توان میں 9مئی کے حملے کرنے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ آج لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی جاتی ہے، وہ شخص چاہتا ہے اسٹیبلشمنٹ اس کے لیے مداخلت کرے، ہمارا بیانیہ بڑا واضح ہے،کوئی ادارہ آئین وقانون سے ماورا حرکت نہ کرے، ہم چاہتے ہیں اداروں میں بیٹھے لوگ آئین و قانون کی پاسداری کریں۔ — PMLN (@pmln_org) December 21, 2023 رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع ملنے چاہئیں، کسی بے گناہ کو کسی حال میں ہراساں نہیں کیا جا نا چاہیے، کسی بے گناہ کو کسی ادارے میں بیٹھا شخص ہراساں کرتا ہے تو غلط ہے، ہم چاہتے ہیں کوئی دباؤ میں آکر یا کسی کی خواہش پر فیصلہ نہ دے۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس ختم ہونے پر نوازشریف پاکستان بھر میں نکلیں گے، قائد ن لیگ پاکستان بھر میں عوام سے مخاطب ہوں گے، 8فروری 2024کو 2013سے زیادہ اکثریت حاصل کریں گے، ہم پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں میں اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ایک خوفناک کھیل کھیلا جارہا ہے، آج خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش ہورہی ہے، نوازشریف ہی معیشت کو درست کرنے کیلئے قوم کی امید ہیں۔