لاہور میں قتل اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں 32 فیصد کمی کا دعویٰ

12-21-2023

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران ہوئی قتل اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔

لاہور پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں 32 فیصد جبکہ کار اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں 20 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق جرائم کی شرح میں کمی کی بڑی وجہ 15 پر کی جانے والی بروقت کالز ہیں، 15 پر موصول کالز کے بعد قتل اور اقدام قتل جیسے سنگین واقعات میں 32 فیصد، گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں 20 فیصد اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 19 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق قتل، اقدام قتل، اغوا اور زیادتی جیسے واقعات کی وارداتوں میں بھی 17 فیصد تک کمی آئی ہے۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق ڈکیتی اور سٹریٹ کرائمز کے مقدمات میں نومبر کی نسبت 16 فیصد کمی ہوئی جبکہ  6 ماہ قبل موٹر سائیکل چوری کے 130 سے 160 مقدمات روزانہ درج ہوتے تھے جو کہ اب کم ہوکر 30 سے 50 تک رہ گئے ہیں۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ ڈکیتی، راہزنی، اغوا برائے تاوان، قتل اور اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات کی تفتیش میں تیزی لائی گئی ہے، مؤثر چیکنگ اور پولیس پٹرولنگ بھی جرائم پر کنٹرول کی وجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 سے 2023 تک زیرالتوا 4 لاکھ سے زائد کیسز بھی نمٹائے گئے ہیں۔