بانی پی ٹی آئی تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے : گوہر خان

12-20-2023

(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تین حلقوں ،لاہور ،میانوالی اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم کرنے کا فیصلہ بھی جلد آجائے گا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان ملنا اس کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹیں دینے سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے بات چیت کر رہا ہوں، تمام جماعتیں اکٹھی ہو جائیں تو بھی ان کو شکست دیں گے، چاہتے ہیں عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں ، چیف جسٹس سے درخواست ہے عوام کےحقوق پر ڈاکہ ڈالنے سے روکنے میں کردار ادا کریں۔ اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں، ٹکٹوں کا فیصلہ بہت جلد ہو گا، ان امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پارٹی کیلئے قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن نہ ہونے سے جمہوریت کو نقصان ہو گا، بانی پی ٹی آئی کے پاس کل کاغذات نامزدگی لے کر جائیں گے، بانی پی ٹی آئی عام انتخابات ضرور لڑیں گے۔