گھریلو مزدور بچوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو

12-20-2023

(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے گھریلو مزدور بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چلڈرن کی جانب سے منعقدہ مشاورتی ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ میں گھریلو بچہ مزدوری کو جرم قرار دینے کیلئے تیار کردہ بل کے مسودہ پر تجاویز پیش کی گئیں۔ چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا تھا کہ کمسن بچوں کی بڑی تعداد گھریلو مزدوری کا شکار ہے، گھریلو مزدور بچوں کو تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ایسے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ ورکشاپ میں چیئرپرسن این سی آر سی عائشہ رضا، مہک نعیم، مقداد مہدی ایڈووکیٹ ، یونیسیف کے نمائندے اور دیگر نے شرکت کی۔