لیسکو نے انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کا پی ایم ریلیف ختم کر دیا

12-20-2023

(لاہور نیوز) بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے ساتھ صارفین پر مزید بوجھ پڑنے لگا۔ لیسکو نے انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کا پی ایم ریلیف ختم کر دیا۔

بجلی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں پر کاروباری افراد نے سر پکڑ لئے۔ مہنگی بجلی اور اوور بلنگ کی بھرمار کے بعد پی ایم ریلیف ختم ہونے سے صارفین چکرا گئے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ حکومت کے دور میں انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کو پی ایم ریلیف دیا گیا تھا جس سے صارفین کو بلوں میں سہولت ملتی تھی۔ رواں ماہ سے انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کے بلوں سے پی ایم ریلیف نکال دیا گیا ہے۔ انڈسٹریل صارفین کا کہنا ہے کہ اتنے زیادہ بل ادا کرنا اب تاجروں کے بس کی بات نہیں، ، انڈسٹری چلانے کے لئے کاروباری صارفین کو ریلیف دیا جائے۔