حکومت نے آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں سروگیٹ ورچوئل ایڈورٹائزنگ کا نوٹس لے لیا
12-20-2023
(ویب ڈیسک) حکومت نے آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں سروگیٹ ورچوئل ایڈورٹائزنگ کا نوٹس لے لیا۔
منسٹری آف انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا، پی سی بی، پی ٹی وی اور پیمرا سمیت کئی اداروں کو نوٹس جاری کیا گیا، پاکستان میں سروگیٹ ورچوئل ایڈورٹائزنگ(جوئے کی کمپنی) پر پابندی ہے، پرتھ ٹیسٹ میں میدان میں کوئی اشتہار چھپا ہوا نہیں تھا تاہم پاکستان میں سرکاری ٹی وی پر ان کمپنیز کے اشتہار نظر آئے۔ اس ٹیکنالوجی کو ورچوئل ایڈورٹائزنگ کہا جاتا ہے جس میں سافٹ ویئر کی مدد سے اشتہار لگائے جاتے ہیں، پرتھ ٹیسٹ کے دوران بھی ایسا ہی کیا گیا جس کا نوٹس لے لیا گیا، منسٹری آف انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ سروگیٹ ورچوئل ایڈورٹائزنگ کمپنیز کی تشہیر پر برہم ہو گئی۔ منسٹری آف انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ کے لیٹر میں پی ٹی وی اور کرکٹ بورڈ کو سختی سے پابندی پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی، لیٹر میں کہا گیا حکومت کی پابندی کے باوجود ٹی وی پر بیٹنگ کمپنیز کے لوگو کیوں آن ایئر گئے، اس معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔