مسلم لیگ ن کی ملک بھر میں امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت

12-20-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت جاری کردی۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کوکاغذات نامزدگی جمع کرانے کی باضابطہ اجازت دی، الیکشن شیڈول جاری ہونے پر پارٹی ٹکٹ کے خواہش مندوں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دی گئی۔ پارٹی اعلامیہ کے مطابق ہر امیدوار کو 22 دسمبر تک پارٹی کے متعلقہ ضلعی صدر کو حلف نامہ جمع کروانا ہوگا،  پارٹی ٹکٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں گےاور پارٹی کے نامزد امیدوار کی حمایت کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے ملک بھر سے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست دینے والے امیدواروں کے ناموں پر غور مکمل کرلیا ہے، اب پارٹی قیادت حلقہ وار امیدواروں، مخصوص نشستوں پر ناموں کا حتمی فیصلہ کرے گی، حتمی فیصلے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔