وزیراعلیٰ کا سمارٹ پولیس سٹیشنز کیلئے اراضی منتقلی کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم
12-20-2023
(لاہور نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں سمارٹ پولیس سٹیشنز کیلئے اراضی منتقلی کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں 737 تھانوں کی تعمیر ومرمت، بحالی اور سمارٹ پولیس سٹیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سمارٹ پولیس سٹیشن میں فراہم کردہ سہولتوں بارے بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہر بےزمین تھانے کے لئے اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی اور سمارٹ پولیس سٹیشنز کے لئے اراضی کی منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ سمارٹ پولیس سٹیشن پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر میں 40 سمارٹ پولیس سٹیشنز بنائے جائیں گے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں 23 سمارٹ پولیس سٹیشنز پہلے فیز میں بنیں گے جبکہ دیگر اضلاع میں بھی 17 سمارٹ پولیس سٹیشنز قائم ہوں گے، صوبہ بھر میں مرحلہ وار روایتی تھانے سمارٹ پولیس سٹیشنز میں بدل دیئے جائیں گے۔ اجلاس میں پولیس افسروں اور ملازمین کے لئے 313 گھروں کی تعمیر کے پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیو، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او لاہور، سی ٹی او لاہور، ایس ایس پی ایڈمن اور دیگر پولیس حکام اجلاس میں شریک تھے۔