رضاکارانہ تجاوزات ہٹانے کی مہلت ختم، آج سے گرینڈ آپریشن کا آغاز
12-20-2023
(لاہور نیوز) شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہر کی 6 بڑی شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مشن تکمیل تک پہنچانے کیلئے بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لیں، صوبائی دارالحکومت میں انسداد تجاوزات آپریشن آج سے شروع ہو گا۔ ڈی سی لاہور کے مطابق شاہدرہ موڑ سے امامیہ کالونی پھاٹک تک تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، مال روڈ اسمبلی چوک تا انار کلی چوک میں بھی آپریشن ہو گا، رائیونڈ روڈ سے بابوصابو اور عبدالستار ایدھی روڈ تک تجاوزات ہٹائی جائیں گی۔ فیروز پورڈ تا قینچی امرسدھو تک تجاوزات ختم کی جائیں گی، کینال روڈ تا ہربنس پورہ اور علامہ اقبال روڈ تک بھی آپریشن ہو گا جبکہ چوبرجی تا یتیم خانہ چوک تک بھی تجاوزات کا صفایا کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن 5 تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی ہو گا، آپریشن میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 700 سے زائد ریگولیشن اہلکار حصہ لیں گے، پولیس، ریسکیو، ایل ڈی اے، ایل ڈبلیو ایم سی اور پارکنگ کمپنی کے اہلکار بھی آپریشن کے وقت موجود ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن آج 20 دسمبر سے شروع ہو گا، تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا، نگران وزیر اعلیٰ کے احکامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا۔