بھارت نے کرکٹ کے بعد ٹینس ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کیلئے بہانے شروع کر دیے

12-20-2023

(ویب ڈیسک) کرکٹ کے بعد ٹینس کو بھی بھارت نے سیاست زدہ کرنا شروع کر دیا، بھارت کی جانب سے پاکستان میں ڈیوس کپ نہ کھیلنے کیلئے بہانے شروع کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ ڈیوس کپ 2024ء کے فروری میں ہونے والے میچز کی میزبانی کے فیصلے کیخلاف بھارت نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن میں اپیل کر دی ہے۔ گزشتہ ماہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے آل انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کے سکیورٹی خدشات کو مسترد کر دیا تھا اور انہیں ڈیوس کپ ٹائی کیلئے ٹیم بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ایسی کوئی صورتحال نہیں جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت نہ کر سکے۔ بھارت نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کرتے ہوئے یہ بہانہ بنایا ہے کہ پاکستان میں 8 فروری سے الیکشن ہیں جس سے سکیورٹی خدشات ہیں اور الیکشن سے صرف چار دن قبل بھارتی ٹینس ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے، بھارتی اپیل پر ٹینس فیڈریشن 21 دسمبر کو سماعت کے بعد فیصلہ سنائے گی۔ واضح رہے کہ بھارت کی ٹیم نے 2019ء میں بھی ڈیوس کپ ٹائی کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن اسی طرح کی صورتحال کے سبب وہ ٹائی قازقستان منتقل کر دیا گیا تھا۔