شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل

12-19-2023

(لاہور نیوز) شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن آج ختم ہو جائے گی۔

20دسمبر سے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع ہو گا۔ شاہدرہ موڑ سے امامیہ کالونی پھاٹک تک تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ مال روڈ اسمبلی چوک تا انارکلی چوک بھی آپریشن ہو گا۔ رائیونڈ روڈ سے بابوصابو اور عبدالستار ایدھی روڈ تک تجاوزات ہٹائی جائیں گی۔ فیروزپور تا قینچی امرسدھو تک تجاوزات ختم کی جائیں گی۔ کینال روڈ تا ہربنس پورہ اور علامہ اقبال روڈ تک بھی آپریشن ہو گا۔ چوبرجی تا یتیم خانہ چوک تک تجاوزات کا صفایا کیا جائے گا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن پانچ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی ہو گا۔ آپریشن میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 700 سے زائد ریگولیشن اہلکار حصہ لیں گے۔ پولیس ، ریسکیو ، ایل ڈی اے ، ایل ڈبلیو ایم سی اور پارکنگ کمپنی کے اہلکار بھی موجود ہوں گے۔ ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن 20 دسمبر کو شروع ہو گا، لوگ رضاکارانہ طور پر ازخود تجاوزات ہٹا لیں، تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے مزید کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کے احکامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا۔