قائد اعظم اکیڈمی اور برٹش کونسل کے تعاون سے’’ سکول کونسلز کی سکوپنگ سٹڈی ‘‘بارے تقریب

12-19-2023

(لاہور نیوز) قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ اور برٹش کونسل کے تعاون سے ’’ سکول کونسلز کی سکوپنگ سٹڈی ‘‘کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن احسن وحید نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سکول کونسلز کی سکوپنگ سٹڈی رپورٹ کے نتائج بارے آگاہی فراہم کی گئی۔ نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ پنجاب میں سکول کونسلز کو محدود صلاحیت سے متعلق چیلنجز کا سامنا ہے جو انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کا ادراک کرنے سے روکتے ہیں۔ ڈی جی قائد اعظم اکیڈمی تجمل عباس رانا کا کہنا تھا رپورٹ میں ہم نے کمیونٹی لیڈرشپ کے ماڈل کو فروغ دیا ہے، کمیونٹیز خود مل کر اپنے علاقے کے سکولوں کا جائزہ لیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن احسن وحید کا کہنا تھا سکوپنگ سٹڈی کا بنیادی مقصد سکول کونسلوں کے لئے صلاحیت سازی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا اور کمیونٹیز کو مدد کے لئے بااختیار بنانا تھا۔ تقریب کے اختتام پر سکول کونسلز کی سکوپنگ سٹڈی میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔