انتخابی امیدواروں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے ہدایت نامہ جاری
12-19-2023
(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 20 تا 22 دسمبر ہے، امیدوار کاغذات نامزدگی دفتری اوقات صبح 8:30 سے سہ پہر 4:30 بجے تک جمع کروا سکتے ہیں، قومی اسمبلی کے امیدوار کی فیس 30 ہزار مقرر ہے جو ناقابل واپسی ہے، صوبائی اسمبلی کے امیدوار کی فیس 20ہزار روپے ہے فیس نا قابل واپسی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ امیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ کاپی منسلک کریں، امیدوار کاغذات کے ساتھ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کا تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا ووٹ سرٹیفکیٹ بھی دیں، امیدوار گزشتہ تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن ، پاسپورٹ کی مکمل کاپی کی نقول بھی جمع کرائیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امیدوار فیس نقد یا بینک اور نیشنل بینک کی کسی شاخ میں جمع کروا سکتا ہے، امیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ بینک ڈرافٹ یا بینک کی رسید منسلک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری انتخابی شیڈول پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر سے آج ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں ، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے امیدواران کے کاغذات نامزدگی کا اجرا بھی آج سے شروع ہوگیا ہے۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہوگی اور اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی، 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔