پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی، بلاول بھٹو زرداری

12-18-2023

(لاہور نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی۔

 چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کا دورہ کیا۔ اس دوران وہ کارکنان میں گھل مل گئے، سیلفیاں بھی بنوائیں۔  میڈیا سے گفتگو کرتے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لاہور پہنچ کر بہت اچھا لگا، پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے، اس وقت ملک میں مہنگائی اور غربت تاریخی سطح پر ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت جب بھی آئی ہم نے بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کیا، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، ماضی میں ہم نے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آئندہ حکومت میں نوجوانوں اور مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ملک میں نفرت اور تفریق کی سیاست ہو رہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن بہت بہادر ہیں، نواز شریف کا دور حکومت بھی پیپلزپارٹی کارکنان کے لئے آمریت سے کم نہیں تھا، پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی جماعت ہے، سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کے لئے ہمیشہ سب کے لئے کھلے رہتے ہیں، اگر پنجاب میں پیپلزپارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملی تو اچھا سرپرائز دیں گے، بلوچستان کے ساتھ پورے پاکستان میں سرپرائز دیں گے، آئندہ انتخابات میں اکثریت حاصل ہوئی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی۔