صحت دشمن عناصر کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، ناشتہ پوائنٹس پر چھاپے

12-18-2023

(لاہور نیوز) صحت دشمن عناصر کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں  نے ٹھوکر نیاز بیگ، پھولنگر اور فوڈ سٹریٹ میں ناشتہ پوائنٹس اور ڈیری یونٹس پر چھاپے مارے۔ 2000 لٹر پاؤڈر سے تیار دودھ، 2100 لٹر جعلی جوس سمیت مصالحہ جات اور  کیمیکل تلف کر دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے گاڑی نمبر LES-3690 میں لاہور سپلائی کے لئے آنے والا 2000 ملاوٹی دودھ پھولنگر بائی پاس پر پکڑا گیا، دودھ تلف، مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ انہوں نے کہا فوڈ سٹریٹ میں 22 ناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ، ناقص انتظامات پر 2 ناشتہ پوائنٹس بند،3 کو جرمانے ،17 کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے۔ عاصم جاوید کا کہنا ہے ناقص خوراک کا استعمال بچوں اور بڑوں کو خطرناک امراض میں مبتلا کر سکتا ہے، عوام الناس تک غذائیت سے بھرپور خوراک کی یقینی فراہمی کے لئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں دن رات کارروائیاں کر رہی ہیں۔