سردار ایاز صادق کا انتخابات کے لیے گرینڈ سیاسی بیٹھک کا عندیہ

12-18-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انتخابات کے لیے گرینڈ سیاسی بیٹھک کا عندیہ دے دیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ ایاز صادق نے کہا کہ  آصف زرداری سمیت تمام سیاسی لوگوں سے تعلقات ہیں اور رہیں گے، الیکشن کے بعد ملک کو کیسے آگے لے کر چلنا ہے سیاسی جماعتیں فیصلہ کریں گی، پارلیمنٹ ایسا فورم ہے جہاں یہ باتیں اور ملکی مسائل کا حل  مل کر نکال سکتے ہیں، ڈائیلاگ اور اے پی سی سب کچھ ہو سکتا ہے جس میں  ملک کو آگےلے کر جانے اور مستحکم پاکستان بنانے پر بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے سینے پر جو زخم لگے ہیں وہ آہستہ آہستہ جائیں گے،  نواز شریف میٹنگز میں یہی کہتے ہیں کہ اب ہم نے آگے چلنا ہے،  قائد ن لیگ نے معاملہ اللہ پر چھوڑا اللہ نے انہیں انصاف دلا دیا، نواز شریف وزیراعظم بنیں گے تو لڈیاں ڈالوں گا۔ ایاز صادق نے کہا کہ شہباز شریف کا بھی اہم رول ہوگا کہاں ہوتا ہے یہ ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا،  حمزہ شہباز پارٹی سرگرمیوں میں پوری طرح شریک ہو رہے ہیں، پنجاب کے کونسلرز  اور چیئرمین حمزہ شہباز کی فنگر ٹپس پر ہیں، بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سوچتا ہی نہیں، جنہوں نے 9 مئی کیا ان کے بارے میں کیا سوچنا، 9 مئی کو ہر حد کراس کر دی گئی اب یہ لوگ چھپے ہوئے ہیں ۔ صحافی نے سوال کیا کہ آئی پی پی نے این اے کی پانچ سیٹیں مانگی ہیں؟ جس پر سردار ایاز صادق نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اچھا !پانچ سیٹیں مانگی ہیں اچھا، میرے گھر پر آئی پی پی سے میٹنگ ہوئی ابھی کچھ فائنل نہیں ہوا۔ دانیا عزیز سے متعلق بات کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ جس دن دانیال عزیز کو نواز شریف نے ڈانٹ پلائی میں کراچی میں تھا، دانیال عزیز کو پارٹی ڈسپلن میں رہنا چاہیے ،احسن اقبال پارٹی کے سینئر رہنما ہیں، اگر کوئی اختلاف بھی ہو تو ٹی وی کے بجائے آپس میں بات کرنی چاہیے، دانیال عزیز کا طریقہ ٹھیک نہیں تھا یہ کسی کو بھی پسند نہیں آیا۔ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ  مریم نواز پارٹی میں متنازع شخصیت نہیں،لوگ جھوٹی باتیں کرتے ہیں نہیں کرنی چاہئیں، این اے 121 سے میرا حلقہ بنا ہے، پارٹی کے حکم کا پابند ہوں۔  صحافی نے سوال کیا شیخ روحیل اصغرنے اسی حلقے سے آزاد حیثیت میں لڑنے کی بات کی ہے؟ جس پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ  شیخ روحیل اصغر بڑے بھائی ہیں، پارٹی ان کو ٹکٹ دے گی تو ان کا الیکشن لڑوں گا۔