توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد
12-18-2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نےبانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل تھے۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے جیل ٹرائل سے متعلق نوٹیفکیشن بارے فل بنچ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوم ڈیپارٹمنٹ نے 8 دسمبر کو جاری کیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہے، اس عدالت کا دائرہ اختیار اسلام آباد اور راولپنڈی کا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جب لاہور میں تھا اس وقت نوٹسز زمان پارک میں وصول کروائے گئے، کل سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ فکس ہے۔ بعدازاں لاہور ہائیکورٹ بانی پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل روکنے کی فوری استدعا مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔ خیال رہے کہ 9 دسمبر کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔