وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سٹیٹ بینک کی ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

12-18-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے ملاقات کی ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک نے ایوان وزیراعلیٰ میں محسن نقوی سے ملاقات کی جس  میں معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران بینک آف پنجاب اورپنجاب کو آپریٹو بینک کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کسان کو سبسڈی اورآسان قرضے دے کر زیادہ پیداوار کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں، زیادہ پیداوار کیلئے چھوٹے کسان پر مالی بوجھ کم سے کم کرنا ضروری ہے، زراعت اوردیگر شعبوں میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری سے عوام مستفید ہوں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کاٹن کی ریکارڈ پیداوار سے 2ارب ڈالر کے  زرمبادلہ کی  بچت ہو گی، پنجاب میں چاول کی ایکسپورٹ دو ارب ڈالر سے بڑھ رہی ہے، سرمایہ کاروں اورصنعتکاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مثبت اثرات کا حامل ہوگا۔ گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں زراعت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے قابل قدر اقدامات کیے،کاٹن،چاول اور دیگر فصلوں کی بہتر پیداوار سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔