ایم ڈی کیٹ کی حتمی میرٹ لسٹ کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب

12-18-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ کی حتمی میرٹ لسٹ کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایم ڈی کیٹ کی حتمی میرٹ لسٹ کے خلاف مدثر علی ہاشمی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ میرٹ لسٹ میں 2021 کے طلبا و طالبات کو رولز کے برعکس نمبر دیئے گئے، اس اقدام سے 2022 اور 2023 کے طلبا و طالبات متاثر ہوئے ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ ایم ڈی کیٹ کی حتمی میرٹ لسٹ کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے معاملے پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور دیگرفریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔