نئی کے بعد پرانی موٹرسائیکلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں
12-18-2023
(لاہور نیوز) نئی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پرانی بائیکس کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
میکلوڈ روڈ پر سیکنڈ ہینڈ بائیکس کی خریدوفروخت کا کاروبار ٹھنڈا پڑ گیا،مارکیٹ میں گاہک نہ ہونے کے برابر رہ گئے،پرانی بائیکس کی قیمتوں میں بھی چالیس فیصد تک اضافہ ہو گیا جس سے خریدار اور دکانداردونوں ہی پریشان ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 70 سے 75ہزار روپے میں ملنے والی موٹرسائیکل اب 90ہزار سے ایک لاکھ تک ہے، موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سیکنڈ ہینڈ موٹرسائیکلوں کی قیمتیں سن کر واپس لوٹ جاتے ہیں، نئی موٹرسائیکل پہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے اب پرانی موٹر سائیکل خریدنا بھی غریب کے بس کی بات نہیں رہی۔