شہر و گردونواح میں دھند کے ڈیرے، موٹرویز بند

12-18-2023

(لاہور نیوز)شہر و گردونواح کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، حد نگاہ انتہائی متاثر ہونے کے باعث موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔

ترجمان موٹرویز سید عمران کے مطابق  شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کردیا گیا، موٹروےایم تھری بھی فیض پور سے رجانہ تک بند کردی گئی۔ موٹرویز ترجمان نے بتایا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروےبھی شدید دھند کے باعث بند ہے، موٹروے ایم فور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک  جبکہ موٹروےایم فائیو شیرشاہ سے گدو تک حد نگاہ کم ہونے کے باعث بند ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لئے بند کیا جاتا ہے، قومی شاہرات پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔ بعدازاں حدنگاہ بہتر ہونے پر موٹرویز کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔