سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل

12-17-2023

(لاہور نیوز)سابق گورنر پنجاب و ماہر قانون سردار لطیف کھوسہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

غازی روڈ  پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ  آج خوشی کا سفر کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے، ریاست ماں ہوتی ہے، آج نہ چادر چار دیواری کا تحفظ ہے اور نہ جان و مال کا، میں آج نفرتوں کو ختم کرکے ایک نئے سفر کی دعوت دیتا ہوں۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک خوبصورت شکل میں پاکستان کا خطہ دیا ہے، پاکستان کے عوام کو ہی مقتدر کرنا آئین کی منتہا ہے،  پاکستان کے عوام ہی ریاست ہیں، آرٹیکل 7 میں عوام کے علاوہ کوئی ریاست نہیں، ریاست کی روح ہی عوام کے نمائندوں میں ہے۔ سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام چیزوں کا حل آئین میں موجود ہے، جب جب آئین سے روگردانی کی گئی نقصان اٹھانا پڑا، جمہور عوام ہے ، پاکستان جمہور اور جمہوریت پر بنا، پاکستان گولیاں چلا کر معرض وجود میں نہیں آیا، 1973کا آئین ہی آج ہمیں جوڑے ہوئے ہے۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ آئین سے انحراف ضیاالحق نے کیا ،آج خمیازہ بھگت رہے ہیں، ضیاالحق نے مولوی مشتاق کے ساتھ مل کر عظیم قائد ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کرکے لحد میں اتاردیا، ہم کب تک وزرائےاعظم کو اقتدار سے ہٹاکر کھیل تماشہ کرتے رہیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ  عزت ،ذلت ،رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، میں نے وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے، سب سے پہلے میری ذمہ داری دھرتی ماں کے ساتھ ہے، آئین کی پاسداری کرنے والا امر ہوتا ہے، عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف فراہم کرے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ  یہ ادارے ہمارے ادارے ہیں، یہ فوج ہماری فوج ہے، قباحتیں صرف اس وقت ہوتی ہیں جب اختیارات سے تجاوز کیا جاتا ہے، پاکستان کی سرزمین بے آئین بن چکی ہے، پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جارہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  25کروڑ عوام عدلیہ کی جانب دیکھ رہے ہیں، چیف جسٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے الیکشن پر ایکشن لیا،  عدلیہ کو چاہیے اپنے فیصلے پر عملداری کرائے، آئین ہی کے اندر چیزیں موجود ہیں، عدالت آئین پر من وعن عمل کرے، عدلیہ نے آئین پر حلف اٹھایا ہوا ہے۔