فوڈ سیفٹی ٹیموں کی فش فرائنگ پوائنٹس کی چیکنگ، 2 فش پوائنٹس بند
12-17-2023
(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 823 فش فرائنگ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔
ناقص انتظامات پر 2 پوائنٹس بند،87 فش پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ 800 لٹر سے زائد ناقص آئل ،ایک من باسی مچھلی تلف کر دی۔ 602 فش پوائنٹس کو مزید بہتری کے لئے اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے لاہور ڈویژن میں 147، فیصل آباد میں 106، ساہیوال میں 68، راولپنڈی ڈویژن میں 75 فش ہوٹلز کا معائنہ کیا گیا۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 119، سرگودھا میں 109، بہاولپور ڈویژن میں 51، ملتان میں 104 اور ڈی جی خان ڈویژن میں 45 ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی۔ استعمال شدہ آئل میں فش فرائی کرنے پر 2 پوائنٹس کو بند کر دیا گیا۔ قوانین کی خلاف ورزی پر 187 پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ فش پوائنٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور انتہائی لازم ریکارڈ کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی۔ عاصم جاوید کا کہنا تھا استعمال شدہ آئل میں نیا آئل شامل کر کے فرائنگ کرنا سنگین جرم ہے، ایک ہی آئل کو بار بار استعمال میں لانا موذی امراض میں مبتلا کرتا ہے، پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے والے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، صوبہ بھر میں غیر معیاری اور ناقص اشیاء کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سرتوڑ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔