ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ دوبارہ شروع

12-17-2023

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسروں کی تربیت دوبارہ شروع کردی۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا انتخابات میں آر اوز اور ڈی آر اوز کی خدمات حاصل کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں انتخابی عملے کی تربیت کا عمل رک گیا تھا اور عام انتخابات کے مزید التوا کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔ اب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ ملک بھر میں دوبارہ شروع کردی گئی ہے، آر اوز کی تربیت 18 جبکہ ڈی آر اوز کی تربیت 19 دسمبر کو مکمل ہو جائے گی، مجموعی طور پر 859 ریٹرننگ آفیسرز اور 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر افسران آر اوز اور ڈی آر اوز کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔ اُدھر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی و سرکاری اداروں میں ہر قسم کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہے، الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی ٹرانسفر یا پوسٹنگ کیلئے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا جبکہ پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی وجوہات بھی بتانا ہوں گی۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سرکاری افسران اور آفیشلز کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈی آر او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کے افسران اور ملازمین اسلام آباد چھوڑ کرنہ جائیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ایف ڈی ای کے آفیشلز اسلام آباد میں ہی رہیں۔