لاہور میں تجاوزات کے رضاکارانہ خاتمے کیلئے 48 گھنٹے کی مہلت

12-17-2023

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور میں تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں انسداد تجاوزات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، سی سی پی او، کمشنر، ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس حکام اجلاس میں شریک تھے۔ پنجاب حکومت نے لاہور میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خصوصی اجلاس میں انسداد تجاوزات کے آپریشن کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس پیز کو متعلقہ علاقوں میں آپریشن کی تیاری کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ  شہر میں رضا کارانہ طورپر تجاوزات ختم کرنے کے لئے 48گھنٹے کی مہلت ہے، منگل کی صبح سے باضابطہ آپریشن شروع ہوگا، انسداد تجاوزات مہم میں کوئی نرمی اور رعایت نہیں ہوگی، مہلت ختم ہونے کے بعد لاہور میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے کریک ڈاؤن شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ دور کرنے کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے، بیشتر مقامات پر تجاوزات ہی ٹریفک جام کا باعث ہیں، شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے۔ وزیراعلیٰ  پنجاب نے  تجاوزات پر گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دے دیا۔