کرپشن کے الزام میں فواد چودھری اڈیالہ جیل سے گرفتار

12-16-2023

(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب ) نے فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کر لیا۔

نیب نے فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ وارنٹ کے متن کے مطابق فواد چودھری کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا اور انہیں اب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ قبل ازیں  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد سے نیب نے فواد چودھری کو وارنٹ کی تعمیل کرانے اور شامل تفتیش کرنے کی اجازت لے لی، جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود کی عدالت نے سماعت کی، نیب حکام اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب حکام نے کہا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق انکوائری میں فواد چودھری کی ضرورت ہے، چیئرمین نیب نے سیکشن 24 اے کے تحت فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ نیب حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ فواد چودھری جوڈیشل اور عدالت کی کسٹڈی میں ہیں، فواد چودھری سے وارنٹ تعمیل کرانے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے نیب حکام کو فواد چودھری سے وارنٹ کی تعمیل کرانے کی اجازت دے دی ، عدالت نے ہدایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل فواد چودھری سے نیب وارنٹ پر تعمیل کرائے۔