پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ، مصنوعی فلیور تلف کر دیا

12-16-2023

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پنجاب سوسائٹی کھارا چنگی کے علاقے میں واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ مارا۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جعلی ڈرنکس، ممنوعہ کیمیکلز اور مصنوعی فلیور تلف، مقدمہ درج کر لیا۔ لوڈر رکشہ، 1500 خالی بوتلیں، 24 کلو ڈھکن، واٹر پمپ، کمپریسر، 2 فلنگ مشینیں، 3 واٹر ٹینک، پلانٹ اور فلٹر ضبط کر لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کھلے رنگ، کیمیکلز اور آلودہ پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں، معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر ایکشن لیا گیا، ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں، کیمیکلز اور فلیورز سے تیار محلول سپلائی کے لئے تیار رکھا پایا گیا، جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ انہوں نے کہا جعلی ڈرنکس کو لاہور کی چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا، منظورشدہ فارمولے کے بغیر پانی میں کیمیکلز، فلیورز اور رنگ ڈال کر نقلی ڈرنکس تیار کی گئیں تھیں، جعلی ڈرنکس کا استعمال معدہ اور گردوں کی بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں، زیادہ منافع کی لالچ میں انسانی صحت سے کھیلنے والے انسانیت کے بڑے دشمن ہیں۔