مزار اقبال کے قریب شاعر مشرق سے منسوب میوزیم بنانے کا فیصلہ

12-16-2023

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے مزار اقبال کے قریب شاعر مشرق سے منسوب تاریخی اشیاء کا میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں  فیصلہ کیا گیا کہ اقبال فہمی کے فروغ کے لئے بادشاہی مسجد کے بیرونی احاطے میں علامہ اقبال سے منسوب میوزیم قائم کیا جائے گا، میوزیم میں شاعر مشرق سے منسوب اشیاء رکھی جائیں گی، مختلف مقامات پر موجودعلامہ اقبال کے زیر استعمال رہنے والی اشیاء ایک ہی جگہ ڈسپلے کی جائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے شاعرمشرق سے منسوب  میوزیم کے قیام کیلئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاعر مشرق سے منسوب میوزیم اقبال شناسی کا ذوق رکھنے والو ں کے لئے نعمت غیر مترقبہ ہے،نئی نسل میں اقبال فہمی کا شعور پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔  محسن نقوی نے مزار اقبال کے بیرونی احاطے میں بہترین ٹائلیں لگانے کی ہدایت  کی اور مزار اقبال کے لئے اعلیٰ ترین ریڈ سینڈ سٹون اور سپر وائٹ ماربل مہیا کرنے کا حکم دیا جبکہ بادشاہی مسجد کے حجروں کواصل حالت میں بحال کرنے پر بھی اجلاس میں  اتفاق ہوا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے میوزیم اور مزار اقبال کی اپ گریڈیشن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ علامہ اقبال کے مزار کی دائیں جانب بک شاپ میں شاعر مشرق کی تمام کتابیں موجود ہوں گی، سوونیئر اورکرافٹ شاپس بھی قائم کی جائیں گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ علامہ اقبال کے مزار کے اندرونی ماربل کی واشنگ اورپالش کی جائے گی، مزار اقبال کی چھت کی خصوصی طورپر واٹر پروفنگ کی جائے گی، کینٹین اورشوریک وغیر ہ بھی مناسب جگہ پر منتقل کیے جائیں گے۔ اجلاس میں  نیئر علی دادا،منیب اقبال،اقبال صلاح الدین،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی،سیکرٹری اوقاف،اقبال اکیڈمی کے سربراہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔