سردیوں کی چھٹیاں: میٹرو بس، اورنج ٹرین پر طلبا کیلئے مفت سفری سہولت ختم

12-16-2023

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کے باعث میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا و طالبات کیلئے مفت سفری سہولت ختم کردی۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی نے بتایا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہو گیا ہے جس کے سبب میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا و طالبات کیلئے مفت سفری سہولت تاحکم ثانی ختم کردی گئی ہے جس کا  اطلاق آج سے ہوگا۔ احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا وطالبات کیلئے مفت سفر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ 18 دسمبر سے یکم جنوری تک ہونے والی چھٹیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے اختتام پر مفت سفری  سہولت سے متعلق حتمی  فیصلہ صوبائی کابینہ کرے گی۔