سانحہ آرمی پبلک سکول نے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا: نگران وزیراعظم

12-16-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا ہے۔

سانحہ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں، آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل کو روند کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی، مجھ سمیت پوری قوم اپنے پھول سے بچوں کی اس عظیم قربانی پر آج انہیں یاد اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم میں شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگ دوسروں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کریں اس قوم کو بزدل دہشتگرد کبھی ہرا نہیں سکتے، دہشتگردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔