شہر اور مضافاتی علاقوں میں دھند کا راج، حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے بند

12-16-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت اور اس کے مضافاتی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے  سید عمر ان نے بتایا ہے کہ  حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کیا گیا ہے، شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بھی ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ سید عمران نے بتایا کہ  موٹروےایم فور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک جبکہ موٹروےایم تھری فیض پور سے رجانہ تک دھند کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ  موٹروے کو عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے،  شہری دھند کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں ، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بعدازاں حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے ایم ٹو کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔