بچوں کو ای سگریٹس کے استعمال سے بچانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے: عالمی ادارہ صحت
12-15-2023
(ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ بچوں کو ای سگریٹس کا عادی بننے سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پوری دنیا میں بچوں کو ای سگریٹس کے جال میں پھنسایا جا رہا ہے، ای سگریٹس کے استعمال سے بچے نکوٹین کے عادی ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کو ای سگریٹس کی طرف لایا جا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ای سگریٹس کے 16 ہزار سے زائد فلیورز ہیں جن کی مارکیٹنگ بھی کی جا رہی ہے، ای سگریٹس سے تمباکو نوشی کو چھوڑنے میں بھی کوئی مدد نہیں مل رہی، دنیا کے 74 ممالک میں ای سگریٹس سے متعلق کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا مزید کہنا ہے ای سگریٹس کا استعمال بھی کینسر، دل اور پھیپھڑوں کے امراض کی وجہ بن رہا ہے، ای سگریٹس کی فروخت روکنے کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔