مبینہ غیر شرعی نکاح کیس : عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا

12-15-2023

(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نےبانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس میں آئندہ سماعت پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سینئر سول جج قدرت اللہ نے  سماعت کا ایک صفحہ پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے، حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بشریٰ بی بی بطور ضمانت پچاس ہزار روپے مالیت کے ذاتی مچلکے جمع کرائیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں اور ان کی سکائپ کے ذریعے حاضری تکنیکی وجوہات کی وجہ سے نہ ہوسکی۔ حکم نامہ کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ آئندہ سماعت پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں، شکایت اور دیگر دستاویزات کی نقول فریقین کو فراہم کردی گئی ہیں، کیس کی آئندہ سماعت18 دسمبر کو ہوگی۔