پرتھ ٹیسٹ کا دوسرا روز ختم: پاکستان کے 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز
12-15-2023
(ویب ڈیسک) پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لئے۔
پرتھ کے واکا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ جب قومی ٹیم کا سکور 74 رنز پر پہنچا تو عبداللہ شفیق آسٹریلوی سپنر نیتھن لائن کی گیند پر لیگ سلپ میں ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو امام الحق 38 اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور ابھی پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کے لئے مزید 355 رنز درکار ہیں۔ آسٹریلیا کی اننگز میچ کے دوسرے دن پہلے روز کے اختتام پر ناٹ آؤٹ رہنے والے آسٹریلوی بیٹر مچل مارش نے 15 اور ایلکس کیری نے 14 رنز سے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کا سکور 411 رنز تک پہنچایا جس کے بعد ایلکس کیری 34 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 104.5 اوورز میں 449 رنز پر گری جب مچل سٹارک کو بھی عامر جمال نے 12 رنز پر بولڈ کیا۔ کھانے کے وقفے کے فوری بعد مچل مارش نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے، انہیں خرم شہزاد نے بولڈ کیا جبکہ 481 کے مجموعے پر عامر جمال نے پیٹ کمنز کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا اور ڈیبیو ٹیسٹ پر 5 وکٹیں لینے والے 14 ویں باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پہلا دن جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگ کا آغاز کیا۔ دونوں بیٹرز نے پہلی ہی وکٹ پر ٹیم کو 126 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر دی جس کے بعد آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 29.4 اوورز میں 126 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے عثمان خواجہ کو 41 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ فاسٹ باؤلر فہیم اشرف نے دوسری وکٹ 37.1 اوورز میں 159 رنز پر حاصل کی، مارنوس لبوشین 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ گرنے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے 125 گیندوں پر ایک چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی 26 ویں سنچری مکمل کی۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 56.3 اوورز میں 238 رنز پر گری جب خرم شہزاد نے سٹیو سمتھ کو 31 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 72.1 اوورز میں 304 رنز پر گری جب عامر جمال نے ٹریوس ہیڈ کو 40 رنز پر پویلین بھیجا۔ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ کچھ ہی دیر بعد 74.5 اوورز میں 321 رنز پر حاصل کر لی، عامر جمال نے ڈیوڈ وارنر کو 164 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ آسٹریلین سکواڈ پاکستان کیخلاف میچ کیلئے پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، ایلکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے۔ پاکستانی سکواڈ دوسری جانب قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کر رہے ہیں۔ باہمی ریکارڈ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے ریکارڈز کو دیکھا جائے تو شاہینوں کا پلڑا کمزور نظر آتا ہے، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی تاہم پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ میچ 1995ء میں مشتاق احمد کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث جیتا تھا، مشتاق احمد نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 26 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی ہیں جن میں سے کینگروز نے 14 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی ہے، پانچ سیریز برابر رہیں، پاکستان نے آسٹریلیا میں 13 ٹیسٹ سیریز کھیلیں اور کسی ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کی جبکہ قومی ٹیم تین سیریز برابر کر سکی، آسٹریلیا نے 10 سیریز جیتی ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مجموعی طور پر 69 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں سے کینگروز نے 34 اور پاکستانی ٹیم نے صرف 15 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 20 میچز بغیر نتیجہ رہے، پاکستان نے آسٹریلیا کی سرزمین پر 37 میچز کھیلے اور صرف 4 میں کامیابی حاصل کی، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ سیریز 2019ء میں کھیلی جس میں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔