داتانگر فلائی اوور کی مرمت و بحالی کا منصوبہ ادھورا، لاگت میں اضافہ

12-14-2023

(لاہور نیوز) داتا نگر فلائی اوور کی مرمت اور بحالی کا منصوبہ ادھورا رہ گیا، چار سال کے دوران افراط زر کی وجہ سے منصوبے کی لاگت ایک ارب پچاس کروڑ روپے تک جا پہنچی۔

شمالی لاہور کا اکلوتا فلائی اوور داتا نگر پل زبوں حالی کا شکار ہو گیا، سبزی منڈی کے قریب تعمیر شدہ فلائی اوور کھوکھلا ہوگیا، 4 سال سے بجٹ میں شامل داتا نگر فلائی اوور منصوبے کی بحالی کا کام شروع  نہ ہو سکا بالآخر ایل ڈی اے کو پھر داتا نگر پل کا خیال آگیا،رواں  مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں منصوبہ دوبارہ شامل کر لیا ۔ 2017 ءمیں نیسپاک نے پل کو ناقابل استعمال قرار دیا، چار سال کے دوران پل کی مرمت کے لیے مختص رقم خرچ نہ کی گئی،مالی سال23-2022 میں ایل ڈی اے نے مردہ فائل کو دوبارہ زندہ کر دیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے داتا نگر فلائی اوور اور ملحقہ  آبادیوں کیلئے  ایک ارب پچاس کروڑ روپے کا بجٹ مختص کر دیا،چار سال قبل داتا نگر فلائی اوور کی مرمت اور بحالی کیلئے 90 کروڑ روپے  کا تخمینہ لگایا تھا،اب منصوبے کی لاگت میں 60 کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ داتا نگر پل کے 0.58 کلومیٹر حصے کی بحالی کا کام کیا جائے گا،پل گرانے کے  بجائے نئے ڈیک مختلف مقامات پر لگائے جائیں گے،داتا نگر فلائی اوور پر کارپٹنگ ہو گی، داتا نگر فلائی اوور کی مرمت و بحالی کا کام چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔