وزیراعلیٰ کا لبرٹی پولیس خدمت مرکز کا دورہ،عوامی شکایات کے ازالے کی ہدایات
12-14-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت مرکز میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت مرکزکادورہ کیا اور دوبارہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لئے مدت دوہفتے کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی، محسن نقوی نے لائسنس کی تجدید کے لئے تاخیرکی شکایات پر ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی لبرٹی خدمت مرکز کے داخلی راستے پرہجوم دیکھ کر رک گئے اور باری باری سائلین سے گفتگو کی، وزیراعلیٰ نے لائسنس اور لرنر کے لئے آنے والے شہریوں سے بات چیت کی اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ ایک شہری کی جانب سے 24 سال سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کے جواب پر وزیراعلیٰ محسن نقوی مسکرا کر چل دئیے، ایک نوجوان کی طرف سے سردی کی نشاندہی پر وزیراعلیٰ نے خدمت مرکز کے باہر انتظار کے لئے کنوپی اور انگیٹھی لگانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکزلبرٹی کے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، شہریوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو گھنٹوں انتظار کرنے کی شکایات کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 25 دسمبر سے خدمت مرکز آنے والے شہری پیشگی ٹائم لے سکیں گے، لائسنس اور لرنر کی اپیلی کیشن اینڈرائیڈ اور ایپل پر جلد انسٹال کرنے کی سہولت میسر ہوگی، شہری ویب سائٹ کے ذریعے لائسنس اور لرنر بنوا سکتے ہیں، خدمت مراکز کی طرح چند ہفتو ں میں تھانوں کاماحول بھی بدلا ہوا دیکھیں گے۔