گیس چوری کیخلاف کریک ڈاؤن: مزید 158 کنکشن منقطع، بھاری جرمانے عائد

12-14-2023

(لاہورنیوز) سوئی ناردرن کے تحت گیس چوری پر پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں مزید 158 گیس کنکشن منقطع، 649 انڈر بلنگ کیسز درج اور 1 کروڑ 47 لاکھ سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔

سوئی ناردرن نے لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 14 گھریلو کنکشن جبکہ کمپریسر کے استعمال پر 15 کنکشن منقطع، 4 انڈر بلنگ کیسز کا اندراج اور 1 لاکھ 34 ہزار کے جرمانے عائد کیے، ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک ایف آئی آر بھی درج کی۔ بہالپور میں 83 انڈر بلنگ کیسز پروسیس اور 1 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے، راولپنڈی میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 4 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 کنکشن منقطع کیے گئے، شیخو پورہ میں بھی غیر قانونی طور پر گیس کے استعمال پر 19، کمپریسر کے استعمال پر 7 کنکشن منقطع اور 2 لاکھ 20 ہزار کے جرمانے کیے گئے۔ ملتان میں ریجنل ٹیم نے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 4 جبکہ کمپریسر کے استعمال پر ایک گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ 73 انڈر بلنگ کیسز پروسیس اور 1 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے۔ سوئی ناردرن گیس نے کرک میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ، گیس کے براہ راست استعمال اور غیر قانونی کنکشن پر 83 کنکشن منقطع اور 24 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے جبکہ مزید ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ ایبٹ آ باد میں ٹیم نے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 3 کنکشن منقطع جبکہ 486 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کر کے 1 کروڑ 16 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے، ساہیوال میں گیس اور کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر ایک، ایک کنکشن منقطع کیا گیا۔ فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈاؤن کے دوران گیس کے غیر قانونی استعمال پر 2 جبکہ کمپریسر کے استعمال پر بھی 2 کنکشن منقطع کر دیے، اس کے علاوہ 3 انڈر بلنگ کیسز درج اور 20 ہزار کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔