ٹھوکر: عوامی رکشہ یونین کا بھتہ خور مافیا کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

12-14-2023

(لاہور نیوز) ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں عوامی رکشہ یونین کی جانب سے بھتہ خور مافیا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

آٹو رکشہ چلا کر روزی روٹی کمانے والے افراد بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے،صدر عوامی رکشہ یونین حاجی رفاقت علی سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی مظاہرہ میں شرکت کی،رکشہ ڈرائیورز نے بھتہ خور مافیا اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی۔ رکشہ ڈرائیورز نے الزام لگایا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کی بااثر شخصیات پولیس اور سیاسی نمائندوں کی ملی بھگت سے روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصول کرتی ہیں،ہر رکشہ والے سے روانہ 120 روپے بھتہ لیا جاتا ہے جو دینے سے انکار کرے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ متعدد بار پولیس سے شکایات کیں مگر پولیس بھتہ مافیا کی پشت پناہی کرتی ہے،بھتہ وصولی کے باعث غریب رکشہ ڈرائیورز کا روزی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی معاملے کا نوٹس لے کر بھتہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم دیں۔