سارہ انعام قتل کیس: مجرم شاہنواز امیر کو سزائے موت

12-14-2023

(ویب ڈیسک) سارہ انعام قتل کیس میں شاہنواز امیر کو سزائے موت سنا دی گئی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سارہ انعام کے قتل کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے شاہنواز کو سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم سنایا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ملزمہ ثمینہ شاہ کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا۔ سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے سنایا۔ سارہ انعام قتل کیس میں کب کیا ہوا؟ شاہنوازامیر نے 23 ستمبر 2022 کی شب لڑائی جھگڑے میں چک شہزاد کے ایک فارم ہاؤس میں مبینہ طور پر سر پر ڈمبل کے وار سے  سارہ انعام کو قتل کر دیا تھا۔ کینیڈا کی شہریت رکھنے والی 37 سالہ سارہ قتل کیے جانے سے 3 روز قبل ہی دبئی سے پاکستان پہنچیں  جہاں وہ ملازمت کرتی تھیں، شاہنواز اور سارہ کی شادی واقعے سے چند ماہ قبل ہی ہوئی تھی، دونوں سوشل میڈیا کے ذریعے دوست بنے تھے۔ مدعی وکیل راؤ عبد الرحیم نے عدالت کے سامنے جائے وقوعہ کے تصویری شواہد پیش کرتے ہوئے ملزم شاہنواز امیر کے لیے سزائے موت کی استدعا کر رکھی تھی، اس کیس کا فیصلہ 9 دسمبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔