پی ٹی آئی عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کررہی ہے : شہباز شریف

12-14-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سائفر کی طرح ‎پی ٹی آئی ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایک  بیان ‎میں کہا کہ ڈی آراوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ گئی، ‎پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، ‎الیکشن کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‎پی ٹی آئی 8 فروری سے فرار کی راہیں تلاش کررہی ہے، ‎پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے کے اعلانات کرتی ہے جبکہ عملی طورپر عدالتوں میں تاخیر کی پٹیشنز دائر کرتی ہے، ‎2018 کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داری نبھائی تھی اور ‎ 2018 میں بیوروکریسی کے ڈی آر اوز کا فرض نبھانے پر پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا تھا۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری اور منافقانہ پالیسی پر کاربند ہے، ‎8 فروری 2024 کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی، ‎سائفرمیں عوام میں کچھ کہا اور تحقیقات میں کچھ ، پی ٹی آئی یہی منافقت الیکشن کے حوالے سے بھی اپنائے ہوئے ہے۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ ‎آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی، ‎پی ٹی آئی ملک میں آئینی بحران پیدا کرکے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے، ‎پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طورپر مضبوط ہو اور عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔