پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ٹولنٹن مارکیٹ میں چھاپہ، 300 بیمار،لاغر مرغیاں برآمد

12-13-2023

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناقص خوراک کا مکروہ دھندہ کرنے والے مافیا کے خلاف آپریشن، ٹولنٹن مارکیٹ میں علیٰ الصبح چھاپہ مار کر300 لاغر اور بیمار مرغیاں ضبط کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے میٹ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ ٹولنٹن مارکیٹ میں علیٰ الصبح چھاپہ مارا، اس دوران 300 بیمار، لاغر مرغیوں کو برآمد کرکے ضبط کر لیا گیا۔  ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بیمار لاغر مرغیاں گاڑیوں میں لائی گئیں،چیکنگ کے دوران انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود پایا گیا، برآمد شدہ 300 بیمار مرغیوں کا فلاک تحویل میں لے کر تلف کر دیا گیا ۔ عاصم جاوید نے مزید بتایا کہ بیمار مرغیوں کے گوشت کو شہر میں ہوٹلز اور پکوان سنٹرز پر سپلائی کیا جانا تھا، بیمار مرغیوں کے گوشت کا استعمال معدہ، جگر اور آنتوں کی مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے،ناجائز اور زیادہ منافع کے لالچ میں انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔